حمزہ شینواری کا خط بنام سید انیس جیلانی
لنڈیکوتل
8.10.77
پیارے مجذوب!
خط ملا، معاف کیجئے وہی بد ہضمی اور پچس کی شکایت رہا ہے میں خود بھی محسوس کررہا تھا اور نادم تھا کہ آپ کو اتنے دنوں تک منتظر رکھا ،بہرحال ۔امید ہے کہ اب انتخابات کے التواء کے بعد آپ کی سعی و کوشش معطل ہوگی اور آرام سے ہوں گے خدا کا شکر ہے کہ ہم قبائلی اس آفت سے امن میں ہیں ۔جنرل صاحب ایک سچے مسلمان۔معلوم ہوتے ہیں میرا خیال ہے کہ وہ اپنے اقتدار کے زمانے میں ہی اسلامی نظام نافذ کرنا چاہتے ہیں۔اور یہی ایک راستہ پاکستان کے تحفظ اور سالمیت کا ہے اسلامی نظام کے نفوذ کے بعد قومی اور علاقائی تعصب کا یکسر خاتمہ ہوگا کیونکہ اسلام کس قوم کی حق تلفی نہیں کرتا بلکہ اپنے اجتماعی نظام میں تمام افراد کو زندہ رکھتا ہے ۔
بہرحال جنرل صاحب اگر قومی محاذ کے حامی ہیں تو بہتر ہے اسلامی نظام کے نفوذ کے بعد حکومت کی طرز بھی تبدیل ہوگی اور انتخاب کا اس سے بہتر طریقہ رائج ہوگا ۔
اچھو میاں سے میرا سلام کہہ دیجئے خدا کرے کہ ان کی شادی کامیاب رہی ہو ۔
ٹی وی پر میرا مقالہ پورے آدھ گھنٹے کا تھا پھر مختلف سوالات کا وقفہ بھی آدھ گھنٹے سے زیادہ تھا ۔اج کل کے پروفیسر کا محض ڈگری رعب ہے حقائق سے زیادہ مس نہیں رکھتے بچوں کو دعا۔
دعا گو
حمزہ شینواری
Comments
Post a Comment