لنڈیکوتل

                                                                    7.2.68۔  


                                      میرے مجذوب

  خدا آپ کو اطمینان قلب فرمائے میرے مجذوب آپ نے حکیم صاحب کے متعلق جو کچھ لکھا ہے مجھے اس سے اتفاق ہے اور میں نے رئیس کو لکھا ہے کہ حکیم صاحب ¹جیسا اپنے آپ کو ظاہر کرتے ہیں ویسے نہیں ۔وہ مجھے مطلق پسند نہ آئے اور یہ بھی لکھا ہے کہ آپ اتنے بڑے آدمی ہو کر ایک شراب خانہ خراب سے اپنا پیچھا نہیں چھڑا سکتے ؟ اگر آپ نے اسے ترک نہ کیا تو آپ کی صحت ہرگز نہ سنبھلنے گی ۔۔        

  آپ شکوک اور شبہات کی پرواہ نہ کیجئے ۔ہرفعال وروشن خیال انسان کا ان سے سامنا ہونا ضروری ہے یہ خود بخود مبدل بہ یقین ہو جایا کرتے ہیں ۔جنسی طوفان بھی زیادہ تر روشن خیال طبقے سے تعلق رکھتا ہے کیونکہ اس طبقہ میں ذوق جمال زیادہ ہوتا ہے اور جہاں حسن پر نظر پڑی وہاں دل بے اختیار ہوکر اس کی طرف کھنچنے لگا ۔لیکن اس موقع پر اگر انسان کی انسانیت غالب اور حیوانیت مغلوب ہو یعنی انسان صاحب ضبط ہو تو وہ صرف حسن سے ہی حظ اٹھاتا ہے اور جنسی جذبے کو دبا دیتا ہے کیا آپ نے ویرانے بیابان اور پہاڑوں میں کبھی فطری حسن کا مشاہدہ نہیں کیا؟ ضروری کیا ہوگا ،پھر کیا اس وقت بھی جنسی جذبہ بیدار ہوتا ہے ؟ ہرگز نہیں ۔حالانکہ حسن فطری مناظر اور انسانی وجود میں ایک سا ہوتا ہے مگر چونکہ انسانی وجود جنسی میلان کا مرکز بھی ہے اس لئے وہاں جنسی میلان بھی پیدا ہوا کرتا ہے ۔۔۔۔۔۔افسوس ہے کہ ہمارے اکثر روشن خیال ادیب و شاعر جنسی جذبے سے مغلوب ہو کر حسن حقیقی کے ادراک سے محروم ہوکر ایک بہت بڑے علم سے محروم رہ جاتے ہیں اگر وہ کچھ بھی ضبط نفس سے کام لیں تو وہ عظیم انسان بن کر قوم وملت کےلئے مینار نور ثابت ہوں ۔میں اللہ تعالیٰ سے دعا کرتا ہوں کہ اپنے محبوب کے طفیل آپ کو پاکیزہ زندگی عطا فرمائے اور آپ کو ضبط نفس کی نعمت سے سرفراز کرے ۔

  آپ کا

   حمزہ 

   ¹ ایک حکیم جی نام ان کا بھول رہا ہوں رئیس سے نتھی ہوگئے تھے خوب سمجناک آدمی تھے نفسیاتی مریضوں کےلئے اوٹ پٹانگ نسخے تجویز کرتے اور پیسہ بنواتے رہے ۔رئیس بھی برابر کے شریک تھے ۔انیس 20 جولائی 1996

   کتاب کا نام خطوط حمزہ شنواری بنام سید انیس جیلانی

   خط نمبر 34 

   

Comments

Popular posts from this blog

جماعت نہم کے بچوں کے لیے اردو ایم سی کیوز mcqs

خوشحال خان خٹک کون تھا

ملی شهيد